وراثتی زیورات فروخت کرکے بیوی کو آئی فون 18 پرو میکس کا تحفہ
بھارت میں ایک شخص کی جانب سے اپنی دادی اور پڑدادی سے ملنے والے وراثتی زیورات فروخت کرکے اہلیہ کے لیے آئی فون 18 پرو میکس خریدنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والے شخص نے بتایا کہ اسے خاندان سے خاصی مقدار میں سونا وراثت میں ملا تھا۔
، جس میں سے کچھ زیورات فروخت کرکے اس نے اپنی اہلیہ کو جدید آئی فون کا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔شخص کے مطابق وہ اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینا چاہتا تھا اور اس کے لیے کچھ خاص کرنے کی خواہش تھی۔ وہ آئی فون کے نئے ماڈل کی لانچ کا بھی انتظار کر رہا تھا، جو بالآخر 18 ستمبر کو بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ آیا مہنگا فون خریدنے کے لیے خاندانی ورثے میں ملنے والا سونا فروخت کرنا مناسب فیصلہ ہے، جبکہ کچھ افراد نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے اثاثے اپنی مرضی سے استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔
بھارت کے معروف صنعت کار ہرش گوئنکا نے بھی اس واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس کے بعد ان کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ امید ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی سونا محفوظ کرے گا تاکہ خاندانی روایت برقرار رہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں آئی فون 18 پرو کی قیمت 1 لاکھ 64 ہزار 900 بھارتی روپے جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1 لاکھ 79 ہزار 900 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.