دو منگولین شکاری بازوں کی لاکھوں ریال میں نیلامی، قیمت نے سب کو حیران کردیا
ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی بین الاقوامی فالکنز اینڈ ہنٹنگ نمائش کی افتتاحی نیلامی میں منگولیا سے لائے گئے دو شکاری باز مجموعی طور پر 5 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوگئے، جو تقریباً ایک لاکھ 47 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہیں۔نیلامی میں کم عمر باز کی قیمت 1 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال تک پہنچی۔
، جبکہ ایک بالغ شکاری باز کو خریدنے کے لیے خریدار نے 4 لاکھ سعودی ریال ادا کیے۔نمائش میں رواں سال بھی منگولین بازوں کے لیے خصوصی سیکشن قائم کیا گیا ہے۔ ان بازوں کی بڑی جسامت، مضبوط اور پھیلے ہوئے پر اور طویل پرواز کی صلاحیت سعودی فالکنرز کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق منگولین ساکر فالکن سخت موسمی حالات میں زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ تربیت کے دوران بہتر ردعمل اور شکار کے وقت غیر معمولی برداشت انہیں دیگر شکاری پرندوں کے مقابلے میں خاص اہمیت دیتی ہے۔
نیلامی شروع ہونے سے قبل شرکاء کو بازوں کو قریب سے دیکھنے اور ان کی خصوصیات کا جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ نمائش میں سعودی عرب کے علاوہ مختلف ممالک سے فالکنری کے شوقین افراد اور ماہرین بھی شریک ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.