آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

امریکی تعلیمی اداروں میں اے آئی کا بڑھتا استعمال، 95 فیصد طلبہ اسائنمنٹس چیٹ بوٹس سے تیار کرنے لگے

Super Admin


واشنگٹن: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال نے امریکا میں تعلیمی اداروں کے لیے نئی مشکلات پیدا کردی ہیں، جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق 95 فیصد طلبہ اسائنمنٹس کی تیاری کے لیے اے آئی چیٹ بوٹس سے مدد لے رہے ہیں۔ اس رجحان نے اساتذہ میں طلبہ کی حقیقی تعلیمی صلاحیتوں اور سیکھنے کے عمل سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔رپورٹس کے مطابق اساتذہ کو خدشہ ہے کہ طلبہ خود تحقیق کرنے اور موضوعات کو سمجھنے کے بجائے مصنوعی ذہانت پر انحصار کررہے ہیں، جس سے انہیں سیکھنے کا محض احساس تو ہوتا ہے۔
لیکن ان کی حقیقی سمجھ بوجھ میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوتا۔دوسری جانب، اے آئی سے تیار کردہ تحریروں کو انسانی انداز میں ڈھالنے والے نئے پروگراموں نے اساتذہ کے لیے یہ شناخت کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے کہ کوئی اسائنمنٹ طالب علم نے خود لکھی ہے یا چیٹ بوٹ کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔ محققین کے مطابق اے آئی ڈیٹیکٹرز اور ان سے بچنے والے ٹولز کے درمیان مقابلے نے تعلیمی اداروں کے لیے نئی پیچیدگیاں پیدا کردی ہیں۔
ادھر کوپن ہیگن یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس سے منسوب ایک تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوالات کے جوابات کے لیے مسلسل اے آئی پر انحصار انسانی علم اور تنقیدی سوچ کی صلاحیت کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں افراد کی اپنی سوچنے، معلومات کا تجزیہ کرنے اور آزادانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت کمزور پڑنے کا خدشہ ہے۔تحقیق میں 27 مختلف بڑے لسانی ماڈلز (ایل ایل ایمز) یا اے آئی چیٹ بوٹس کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے والے چیٹ بوٹ کے جوابات میں بھی گوگل سرچ کے مقابلے میں معلومات کا تنوع 19 فیصد کم پایا گیا۔
محققین کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس اکثر ملتے جلتے جوابات اور خیالات پیش کرتے ہیں، جس سے صارفین کو معلومات کے محدود زاویے میسر آتے ہیں۔ اس طرح مختلف نقطہ ہائے نظر تک رسائی محدود ہونے اور یکساں معلومات پر انحصار بڑھنے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تعلیمی میدان میں اے آئی کا مؤثر استعمال اسی وقت فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے جب طلبہ اسے سیکھنے اور تحقیق میں معاون آلے کے طور پر استعمال کریں، نہ کہ اپنی سوچ، محنت اور علمی صلاحیتوں کا متبادل بنالیں۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.