آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پنشن اصلاحات کے لیے حکومت کا اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ

Super Admin


حکومت نے پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مزید 50 کروڑ ڈالر قرض حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ قرض کی پاکستانی کرنسی میں مالیت تقریباً 138 ارب 48 کروڑ روپے بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کو ’’ٹرانسفارمنگ پبلک سیکٹر پنشن پروگرام‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ 
اے ڈی بی کی جانب سے یہ 50 کروڑ ڈالر کا پروگرام لون تین سال کے عرصے کے لیے فراہم کیا جائے گا، جبکہ بینک پروگرام کے لیے 15 کروڑ 92 لاکھ روپے کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا پروگرام یکم نومبر 2026 سے شروع ہوگا اور نومبر 2029 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ 
مجوزہ قرض پروگرام کو پنشن اصلاحات کے طے شدہ نتائج سے منسلک کیا جائے گا۔حکومت کے مطابق وفاقی سطح پر سالانہ پنشن اخراجات 1169 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جس کے باعث موجودہ پنشن نظام قومی خزانے پر مسلسل بڑھتا ہوا مالی بوجھ بن رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے ہر سال بجٹ سے خطیر رقم مختص کرنا پڑتی ہے، جبکہ پنشن کے بڑھتے اخراجات اور مستقبل کی مالی ذمہ داریوں کے باعث صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کے لیے دستیاب مالی گنجائش متاثر ہو رہی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 2024 سے نئی سرکاری بھرتیوں کے لیے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ پرانے ڈیفائنڈ بینیفٹ پنشن نظام میں بھی مختلف اصلاحات کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پنشن اصلاحات کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے اور نئی پنشن اسکیم کے قیام کے لیے ادارہ جاتی، انتظامی اور مالیاتی اقدامات ضروری ہیں۔
پاکستان اس سے قبل بھی پنشن اصلاحات کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے مالی معاونت حاصل کر چکا ہے۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.