سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پنجاب میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر پابندی
لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے باعث صوبے بھر میں کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی ڈرونز کے بیرونی استعمال پر لگائی گئی ہے، تاہم شادی ہالز اور مارکیز میں ہونے والی اندرونی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ڈور تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔ تاہم انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق ڈرون کے محفوظ اور مجاز استعمال کے لیے تحریری اجازت کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو تحقیقی سرگرمیوں سمیت دیگر مجاز مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی تحریری اجازت دے سکے گی۔ترجمان کے مطابق کمیٹی سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد ڈرون کا استعمال مذکورہ پابندی سے مستثنیٰ تصور کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.