خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی آپریشنز، 11 دہشتگرد ہلاک
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگردوں کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں گورندر اور ماشکیل میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جن کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ماشکیل میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے بعد انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 اور عزمِ استحکام وژن کے تحت کی گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.