پاکستان اور آئی ایم ایف میں اہم پیش رفت، اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے معاہدے کی تصدیق کردی۔آئی ایم ایف کے مطابق معاہدے کی حتمی منظوری کے بعد پاکستان کو تقریباً 1.21 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس کی منظوری فنڈ کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کے موجودہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت پانچویں قسط کے حصول کے لیے چوتھا جائزہ مکمل کیا گیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی بات چیت ہوئی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ فنڈ کے مطابق پروگرام پر عمل درآمد کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام بہتر ہوا اور اصلاحات کے عمل میں بھی تیزی آئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو مزید 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ آئی ایم ایف کے مطابق مشکل عالمی اور بیرونی معاشی حالات کے باوجود پاکستان کی مجموعی معاشی کارکردگی بہتر رہی، جبکہ حکومت نے تیل سے متعلق بحران سے بھی مؤثر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی۔
آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے اور یہ اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کی جانب واپس بڑھ رہی ہے۔
پاکستان نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے بجٹ میں اضافہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کا پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے تقریباً 2 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے ساتھ آرٹیکل فور کے تحت ہونے والے مشاورتی مذاکرات بھی کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.