آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پیٹرول کی قیمتیں عالمی حالات سے متاثر، عوام کو اصل قیمت سے آگاہ کر رہے ہیں: وزیر پیٹرولیم

Super Admin


اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا احساس ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے تمام تفصیلات شفاف انداز میں عوام کے سامنے رکھی جا رہی ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی عالمی سپلائی کو درپیش مشکلات پر بریفنگ دی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی فراہمی پر پڑے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ موجودہ صورتحال سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔اجلاس کے دوران نوید قمر نے پیٹرولیم لیوی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ نان ٹیکس ریونیو کا حصہ ہے اور اس کی شرح سے متعلق پارلیمنٹ کا براہ راست کردار نہیں، جبکہ اس حوالے سے اختیارات انتظامیہ کے پاس ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی کے اہداف بجٹ میں پہلے سے مقرر کیے جاتے ہیں اور ان میں تبدیلی کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں سے متعلق شرائط کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں چھپائیں۔
قیمتوں کے تعین اور لیوی سے متعلق تمام تفصیلات اوگرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی بھی عائد ہے اور اس کی شرح تقریباً 80 روپے فی لیٹر تک ہے۔اجلاس میں معین عامر پیرزادہ نے عوام کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔
اس پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اپنے حلقے کے لوگوں سے رابطے میں رہتے ہیں اور حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت کے تعین کی مکمل تفصیل شفاف انداز میں عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.