نئے صوبوں کی تشکیل سے ملازمتوں کے نئے راستے کھلیں گے: مصطفیٰ کمال
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے نئے صوبوں کا قیام انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور بنیادی سہولیات کی کمی ملکی معیشت کو مفلوج کر رہی ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے مقامی نوجوانوں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان کے بقول نئے صوبے بننے سے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے کراچی کو بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے اثر و رسوخ سے نجات دلائی ہے، اور شہر میں بسنے والی تمام قومیتوں کے جان، مال اور عزت کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب، سیاسی حلقوں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک وفد آج سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کرے گا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت متوقع ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.