سعودی عرب پر حملے بند کیے جائیں، پاکستان مملکت کی سلامتی کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے اور حوثیوں سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی۔
انہوں نے حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی مسلح افواج کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے اس جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کو حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
انہوں نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملے فوری طور پر بند کرے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی خطرے کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.