شدید دھند کا راج، موٹروے ایم تھری اور ایم فور متعدد مقامات سے ٹریفک کے لیے بند
شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے ایم تھری اور ایم فور کے مختلف سیکشنز پر ٹریفک کی روانی معطل کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب موسم بہتر ہونے اور حد نگاہ بحال ہونے کے بعد موٹروے ایم ون کو پشاور ٹول پلازہ سے اسلام آباد تک ہر قسم کی گاڑیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق دھند کے سبب ایم تھری پر رجانہ سے درخانہ تک کا حصہ ٹریفک کے لیے بند ہے، تاہم رجانہ سے لاہور تک دونوں اطراف سے آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک روک دی گئی ہے، جبکہ عبدالحکیم سے شیر شاہ تک موٹروے دونوں طرف سے کھلی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ موٹرویز کو بند کرنے کا اقدام شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر نہ کریں اور دن کے اوقات کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت سفر کے لیے نسبتاً محفوظ ہوتا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ دوران ڈرائیونگ رفتار دھیمی رکھیں، آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی یقینی بنائیں۔ مزید برآں، بے جا اوورٹیکنگ اور یکدم بریک لگانے سے پرہیز کریں، جبکہ گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو بھی درست حالت میں رکھیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.