ریاض ایئرپورٹ پر حملوں کے اثرات، بڑی عالمی ایئرلائنز نے پروازیں معطل کردیں
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث متعدد خلیجی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے سعودی دارالحکومت کے لیے اپنی پروازیں جزوی یا مکمل طور پر روک دی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کو اسلام آباد سے ریاض جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 753 کو دمام ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، جبکہ پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض جانے والی 28 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
پروازوں کی معطلی کا اعلان کرنے والی ایئرلائنز میں لفتھانزا گروپ، سری لنکن ایئرلائنز، اکاسا ایئر، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس شامل ہیں۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق لفتھانزا گروپ نے 16 اکتوبر، سری لنکن ایئرلائنز نے 18 اکتوبر، اکاسا ایئر نے 13 اکتوبر جبکہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے 15 اکتوبر تک ریاض کے لیے پروازیں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ اتحاد ایئرویز، فلائی دبئی، ایمریٹس، ایئر عربیہ، کویت ایئرویز، ترکیش ایئرلائنز، انڈیگو اور پی آئی اے سمیت دیگر فضائی کمپنیوں کے آپریشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی ہے۔ نئے نوٹم کے مطابق ریاض ایئرپورٹ آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔حکام کے مطابق ایئرپورٹ کی بندش میں توسیع ریڈار اور مواصلاتی نظام کا جائزہ لینے کے لیے کی گئی ہے۔ ادھر دمام ایئرپورٹ پر چھ گھنٹے کی بندش کے بعد پروازوں کا آپریشن دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں فضائی آپریشن تاحال غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض جانے والی آج کی 32 پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے اثرات جدہ، مدینہ منورہ اور دمام کے ہوائی اڈوں تک پھیل گئے ہیں، جہاں پروازوں کے شیڈول میں خلل پڑنے سے سینکڑوں پروازیں منسوخی اور تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.