آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

عالمی مارکیٹ سے قرض لینے میں جلد بازی نہیں کریں گے، محمد اورنگزیب

Super Admin


وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال عالمی سرمایہ منڈیوں سے قرض حاصل کرنے کے معاملے میں جلد بازی سے کام نہیں لے گا، جبکہ حکومت کی توجہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ کم کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر مرکوز ہے۔امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض لینے کی حکمت عملی کا بنیادی مقصد عالمی سرمایہ منڈیوں میں پاکستان کی رسائی کو وسعت دینا اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ میں کمی لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے مہنگائی، زرمبادلہ کے ذخائر اور پالیسی ریٹ کو مناسب سطح پر برقرار رکھنا ضروری ہے۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے رواں سال اپریل میں 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز نجی طور پر جاری کیے، جبکہ کریڈٹ انہانسمنٹ کے ذریعے چین کی پانڈا بانڈ مارکیٹ تک کامیاب رسائی بھی حاصل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی اور وسیع بانڈ مارکیٹ رکھتا ہے، اس لیے پانڈا بانڈز کا اجرا پاکستان کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان نے تقریباً تین ہفتے قبل 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز بھی جاری کیے، جن کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے پیش کردہ حجم سے دوگنی طلب سامنے آئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے یورو بانڈز میں ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی۔ ان کے مطابق حکومت عالمی سرمایہ منڈیوں سے قرض کے حصول کے لیے محتاط حکمت عملی اپنائے گی تاکہ مالی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ معیشت پر بیرونی قرضوں کا دباؤ بھی کم کیا جاسکے۔
 

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.