واشک میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع واشک میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،۔
جس میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا، جبکہ جائے کارروائی سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی میں حصہ لینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر داخلہ نے وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.