ملتان میں انسانیت سوز واقعہ، مبینہ جبری مشقت سے انکار پر 15 سالہ یتیم لڑکا گاڑی تلے کچل کر قتل
ملتان: ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو مبینہ طور پر جبری مشقت سے انکار پر گاڑی تلے کچل کر قتل کردیا گیا۔ واقعے کی متعدد سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کو بھاگتے اور ایک گاڑی میں سوار افراد کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دیگر کیمروں کی ریکارڈنگ میں گاڑی کو لڑکے پر چڑھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مختلف مقامات پر نصب کیمروں کی فوٹیجز نے واقعے کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا دیے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ توقیر نذیر نامی ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں مقتول پر چوری کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول ایک این جی او کے زیر انتظام یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا۔ اسے تقریباً سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا، جو مختلف عمارتوں میں بجلی کی تنصیبات کے ٹھیکے لیتا تھا۔
ماضی میں بھی یتیم خانے کے بعض بچے اس کے پاس فنی تربیت حاصل کرتے رہے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر وہاں سے جانے کے بعد اس کا تعاقب کیا گیا اور مبینہ طور پر گاڑی اس پر چڑھا دی گئی۔
واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔واقعے کے بعد مقتول کی لاش اس کے چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے واقعے کے اصل محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.