300 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے، حارث رؤف
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی بولنگ پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا ہے کہ چھکے صرف انہیں نہیں بلکہ دنیا بھر کے بولرز کو لگتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی تنقید سے خوف زدہ نہیں ہوئے اور آئندہ بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر اپنا کھیل جاری رکھیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ تنقید سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مسلسل محنت کرتے رہیں گے اور ان شاء اللہ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کا مشترکہ ہدف مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنا اور پاکستان کو کامیابی دلانا ہے۔
ان کے مطابق ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں موجودگی بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط بناتی ہے۔سہ ملکی سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ 300 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق ٹیموں کو 350 یا اس سے زیادہ رنز بنانے کے ساتھ ساتھ بڑے اہداف کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.