آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

کراچی بندرگاہ پر گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی، آٹے کی قیمتوں میں کمی کی امید

Super Admin


ملک میں گندم کی دستیابی بہتر بنانے اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو میں لانے کے لیے درآمدی گندم کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ 51 ہزار میٹرک ٹن گندم سے لدا پہلا جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جبکہ آئندہ تین ہفتوں کے دوران مزید چھ جہازوں کی آمد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق 4 نومبر کو 59 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر دوسرا جہاز بھی کراچی پہنچے گا۔ مجموعی طور پر سات جہازوں کے ذریعے گندم درآمد کی جائے گی، جس میں سے تین جہازوں کی گندم پنجاب، دو کی سندھ اور دو کی خیبر پختونخوا کو فراہم کی جائے گی۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق درآمدی گندم فلور ملز کو 125 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ کر 148 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ادھر گندم کی قلت پر قابو پانے اور آٹے کے نرخ کم کرنے کے معاملے پر فلور ملز مالکان اور صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اس ملاقات کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آٹے کی قیمت پہلے 160 روپے فی کلو اور بعد ازاں 150 روپے فی کلو تک لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم کی اضافی فراہمی سے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ کم ہونے اور آٹے کے نرخ نیچے آنے کے امکانات ہیں۔ اس وقت کراچی میں آٹا 170 سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔تاہم آٹے کی قیمتوں میں حقیقی کمی کا انحصار درآمدی گندم کی فراہمی، فلور ملز کو اس کی دستیابی اور حکومتی اقدامات پر ہوگا۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.