آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

بجلی صارفین پر 32 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑنے کا امکان، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا

Super Admin


اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے سماعت کی۔ مجوزہ اضافے سے صارفین پر مجموعی طور پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس مد میں ابتدائی تخمینہ 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔حکام کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ اس میں مقامی کوئلے سے بجلی کی تیاری پر 7 ارب 95 کروڑ روپے اور درآمدی کوئلے سے پیداوار پر 37 ارب 14 کروڑ روپے لاگت آئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے پر 13 ارب 26 کروڑ روپے، فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے جبکہ مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔سی پی پی اے حکام نے مزید بتایا کہ ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے کی لاگت آئی، جبکہ ستمبر کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔نیپرا کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی صورتحال واضح ہوگی۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.