بجلی صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا میں درخواست جمع
ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور پریشان کن خبر سامنے آگئی، بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 23 ارب 33 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔
یہ درخواست سال 2026 کی تیسری سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران ہونے والی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے دائر کی گئی ہے۔ بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں ممکنہ اضافے کا حتمی فیصلہ نیپرا کی جانب سے کیا جائے گا۔
درخواست میں کیپیسٹی چارجز کی مد میں 38 ارب 92 کروڑ روپے وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹیننس اخراجات کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافی وصول کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
اس کے برعکس انکریمنٹل پیکیج کے اثرات کی مد میں 29 ارب 25 کروڑ روپے کی کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ نیپرا اس معاملے پر 17 نومبر کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کے نرخوں میں ممکنہ ردوبدل سے متعلق فیصلہ سامنے آئے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.