مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ تین ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی تعاون اور شراکت داری کا مظہر ہے، اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ بنانا نہیں ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کا غیر مساوی اور امتیازی اطلاق عالمی سطح پر تفریق کو جنم دیتا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سلامتی کا نظام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ہے، اسے کسی دوسرے ملک کے خلاف اقدام تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے۔ پاکستان اس اصول کی حمایت کرتا ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی یا تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.