باڑہ میں پولیس کا کامیاب آپریشن، مطلوب دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ ہلاک
خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس کی کارروائی کے دوران اہم دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ مارا گیا، جو متعدد دہشتگردی کے واقعات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کے مطابق تھانہ باڑہ کی حدود میں واقع شیخان پل کے قریب دہشتگرد کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی۔ اس دوران پولیس اور دہشتگرد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سیف اللہ ہلاک ہوگیا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا دہشتگرد ضلع خیبر میں تھانہ علی مسجد کی حدود میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں اور پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں کے مقدمات میں نامزد تھا، جبکہ محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو بھی اس کی تلاش تھی۔
وقار احمد کے مطابق ہلاک دہشتگرد کچھ عرصہ قبل افغانستان سے ضلع خیبر منتقل ہوا تھا اور آج باڑہ سے پشاور جانے کی کوشش کے دوران پولیس کارروائی میں مارا گیا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.