ملکی سیاست میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت، صدر زرداری سے محسن نقوی کی اہم ملاقات
ملک کی سیاسی صورتحال میں ممکنہ تبدیلیوں اور ’’ری سیٹ‘‘ سے متعلق جاری بحث کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوابشاہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم سمیت مختلف سیاسی و قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے وکلا سے حالیہ ملاقات، ان کی بہنوں کی رہائی اور اس پیش رفت کے ممکنہ سیاسی اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اختلافات کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن و امان سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، جبکہ ملک کی مجموعی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ملکی سیاست میں ’’ری سیٹ‘‘ کے حوالے سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات اور سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں صدر مملکت اور وزیر داخلہ کی اس ملاقات کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.