آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

پیٹرول پمپ مالکان کا وزیراعظم سے بڑا مطالبہ، قیمتوں میں ردوبدل ماہانہ کرنے کی تجویز

Super Admin

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر ردوبدل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے نام لکھے گئے خط میں ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے کاروباری منصوبہ بندی اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے کا انتظام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں کمی کی صورت میں مالکان کو مہنگے داموں خریدا گیا پیٹرول کم نرخوں پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ ماہانہ بنیادوں پر مقرر کیے جائیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپ مالکان کو کاروباری معاملات بہتر انداز میں چلانے اور مالی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ ان کی تجویز پر فوری غور کیا جائے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.