آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

اپنے دورِ حکومت میں آئی ایم ایف سے نجات حاصل کرلی تھی، سابق حکومت نے دوبارہ معاہدہ کیا: نواز شریف

Super Admin

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور عوام کے ساتھ غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا گیا، تاہم اب وہ ماضی کی تلخ باتوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ ادوار کے دوران عوامی مسائل حل کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق وہ خطے میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک مرتبہ مذاق میں کہا تھا کہ اگر ہم کامیاب ہوگئے تو وہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم بن جائیں گے۔ آج افتخار گیلانی وزیراعظم ہیں تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود اس منصب پر فائز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اندر موجود ترقی کا جذبہ افتخار گیلانی میں بھی دیکھ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی گئی۔ آزاد کشمیر میں بھی کئی بڑے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ تھا۔ ان کے مطابق ان کی حکومت نے ملک میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، بجلی پیدا کرنے کے نئے کارخانے لگائے اور مختصر مدت میں توانائی کا بحران کم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

نواز شریف نے معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، تاہم بعد میں آنے والی حکومت نے دوبارہ آئی ایم ایف سے رجوع کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے تھی۔ لواری ٹنل جیسے اہم منصوبے کی تکمیل بھی ان کے دور میں ہوئی، لیکن افسوس کہ انہیں ان اقدامات کے صلے میں حکومت سے محروم کردیا گیا۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.