آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا الرٹ جاری، محکمہ موسمیات کا انتباہ

Super Admin

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے سلسلے میں مسلسل کمی کے باعث سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقے خشک سالی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق اگر بارشوں کا یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر کے درمیان معمول کے مقابلے میں انتہائی کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں ستمبر کے مہینے میں اوسط سے 90 فیصد کم بارش ہوئی، اکتوبر مکمل طور پر خشک رہا اور بارشوں میں 100 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ یکم سے 20 نومبر کے دوران بھی معمول سے 99 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح بلوچستان میں بھی بارشوں کی صورتحال تشویشناک رہی، جہاں اکتوبر میں معمول سے 80 فیصد اور نومبر کے ابتدائی 20 دنوں میں 79 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔

محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دسمبر سے فروری کے دوران بھی ان تینوں خطوں میں بارشیں معمول سے کم رہیں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بادل نہ برسنے کی وجہ سے گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، جبکہ زمین میں نمی کی کمی کے باعث زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر بھی دباؤ بڑھ جائے گا۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.