آج کا اخبار پڑھیں ای پیپر

گجرات میں نوڈلز سے لڑکی کی ہلاکت کا معمہ حل، چھوٹی بہن ہی قاتل نکلی

Super Admin

گجرات کے نواحی علاقے برسہ میں 18 نومبر کو مبینہ طور پر زہریلے نوڈلز کھانے سے پیش آنے والی لڑکی کی ہلاکت کا واقعہ دراصل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل ثابت ہوا ہے۔ پولیس تفتیش میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مقتولہ کی جان اس کی اپنی چھوٹی بہن نے لی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فیصل شہزاد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 سالہ ملزمہ نے اپنے ایک دوست کے ہمراہ مل کر بڑی بہن کو راستے سے ہٹایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، ملزمہ نے پہلے بڑی بہن کو زہر ملے نوڈلز کھلائے اور بعد ازاں گلا گھونٹ کر اس کی جان لے لی۔ واردات کو ایک عام حادثے کا رنگ دینے اور شک سے بچنے کے لیے ملزمہ نے خود بھی وہی نوڈلز کھا لیے تھے، جس کے باعث اسے بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے نوڈلز کے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

شیئر کریں: Facebook WhatsApp X

تبصرے

Please keep the discussion respectful.

0 تبصرے
No comments yet. Be the first to share your thoughts.

Your comment will appear after moderation.