راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، راولپنڈی میں مجموعی طور پر 126 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گئی۔
جس کے بعد گوالمنڈی سے ملحقہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔بارش کا پانی راجہ بازار، جامع مسجد روڈ اور امام باڑہ چوک میں دکانوں کے اندر داخل ہوگیا، جبکہ آریہ محلہ، ملت کالونی، جاوید کالونی اور ڈھوک کھبہ سمیت متعدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
چوہدری روڈ، سروس روڈ صادق آباد، ڈھوک کالا خان اور موچی بازار میں بھی بارش کا پانی جمع ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے آٹھویں اسپیل کے تحت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے۔