بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، اسے سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے ایس سی او ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جبکہ تنظیم کے 25 سال مکمل ہونا ایک اہم سنگ میل ہے۔
پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کا شکار ہے، ایسے میں ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بحران نے محفوظ توانائی راہداریوں کی اہمیت مزید واضح کردی ہے۔ پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا اور اس کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔