اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔وزیراعظم نے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد سے ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور کاروباری شعبے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد برآمدات کو فروغ دینے کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت کرنا ہے۔ 
حکومت کاروبار کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات کا حصہ ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود مشاورت کے ذریعے بنیادی نوعیت کی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ ایف بی آر نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال کے دوران 800 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کی میکرو اکنامک صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی بہتری کے ثمرات عام شہریوں تک بھی پہنچ سکیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی اور واضح کیا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔