کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ٹرانسپورٹرز کے لیے قابل قبول نہیں۔
شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد ملک گیر ہڑتال کو 40 روز کے لیے مؤخر کیا گیا تھا۔ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے چند مطالبات تسلیم کیے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات اب بھی زیر التوا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔