پشاور کے علاقے ارمڑ میں شمشتو کیمپ کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم داعش خراسان (آئی ایس کے پی) کا اہم کمانڈر عمران عرف ابو بکر بھی شامل ہے۔
دہشتگرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔حکام کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 4 پستول، 2 دستی بم، ایک خودساختہ آئی ای ڈی، 5 میگزین اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ عمران عرف ابو بکر دہشتگردی، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے 20 مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔ وہ مولانا خانزیب، سینیٹر ہدایت اللہ اور ریحانزیب کے قتل سمیت 6 فروری 2026 کو ترلئی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
حکام کے مطابق عمران نے ترلئی حملے کے لیے خودکش جیکٹ باجوڑ سے منگوائی تھی جبکہ خودکش حملہ آور کو نوشہرہ سے ترلئی پہنچانے میں بھی کردار ادا کیا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق عمران عرف ابو بکر کی گرفتاری یا اس کے بارے میں قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔