اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حوثی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں، مقیم افراد اور قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا جائز حق حاصل ہے۔
انہوں نے یمن کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں کو حوثیوں کی جانب سے نشانہ بنانا بھی باعث تشویش ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ یمن میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں کے لیے گنجائش برقرار رکھنا ضروری ہے۔ 
پاکستان اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمنی قیادت کی شمولیت سے سیاسی عمل کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے سلامتی کونسل کے اندر جاری اختلافات اور اس کے باعث پیدا ہونے والے تعطل پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کے اثرات کونسل کے ذیلی اداروں کی کارکردگی پر بھی پڑ رہے ہیں۔
عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں گے تاکہ عالمی امن اور سلامتی کے تحفظ کے مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔