کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی پشین کے علاقے سرانان میں کی گئی، جہاں اہلکاروں اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشتگردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے، جبکہ کارروائی کے بعد ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک افراد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مختلف حملوں میں ملوث رہے تھے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا ہے۔