کوئٹہ: بلوچستان میں مقیم تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجا جاچکا ہے، جبکہ کوئٹہ میں اب بھی تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین موجود ہیں۔کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وطن واپسی کے لیے کیے جانے والے انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان سے 8 لاکھ افغان مہاجرین افغانستان واپس جاچکے ہیں، جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین نے رضاکارانہ طور پر وطن واپسی اختیار کی۔حکام کے مطابق اس وقت کوئٹہ میں تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین موجود ہیں، جن کی واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان واپس جانے کے بعد دوبارہ پاکستان آنے والے افغان شہریوں کے معاملے پر محکمہ داخلہ سے ضروری ہدایات حاصل کی جائیں گی۔
کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری نے متعلقہ اداروں کو افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے باہمی رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے واپس آنے والے افراد کے معاملے میں قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے۔