اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان قرض پروگرام کی اگلی قسط کے حصول کے لیے مذاکرات رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے لیے مذاکرات تقریباً دو ہفتے جاری رہیں گے۔
جس دوران عالمی مالیاتی ادارے کے مشن کو جون تک کی معاشی کارکردگی اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔مذاکرات میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقرر کیے گئے اسٹرکچرل بینچ مارکس اور معاشی اصلاحات سے متعلق اہداف کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات بھی بات چیت کا اہم حصہ ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے سے متعلق اہداف اور ان میں کمی کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں پاکستان کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر تک کی رقم ملنے کا امکان ہے۔
اس میں آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی اضافی رقم شامل ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے ستمبر 2024 میں آئی ایم ایف سے 37 ماہ پر مشتمل قرض پروگرام حاصل کیا تھا۔ پروگرام کے تحت پہلی ایک ارب ڈالر کی قسط ستمبر 2024، دوسری قسط مئی 2025 جبکہ تیسری قسط 11 دسمبر 2025 کو موصول ہوئی تھی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔