لندن: انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر مارک ووڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔مارک ووڈ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ مشکلات کا مقابلہ کرنے اور انجریز کے بعد دوبارہ میدان میں واپسی کی کوشش کرتے رہے، تاہم اس مرتبہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
انگلش فاسٹ بولر کے مطابق ڈاکٹروں کی ہدایت کے بعد اب ان کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید کرکٹ کھیلنے کا خواب بتدریج ختم ہوتا گیا۔
مارک ووڈ نے کہا کہ انگلینڈ کی جانب سے کھیلنا ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز تھا اور قومی ٹیم کی نمائندگی ان کے بچپن کے خواب کی تکمیل تھی۔انہوں نے اپنے کرکٹ سفر کے دوران حمایت کرنے والے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔