کوہاٹ: سی ٹی ڈی اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے حملے میں ملوث مبینہ دہشت گرد نیٹ ورک کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی میں دو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے عناصر نے مبینہ طور پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کیا۔ 
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ حملے سے قبل دہشت گردوں نے کچھ روز تک کوہاٹ میں قیام کیا تھا۔حکام کے مطابق دہشت گردوں نے شہر میں جس مکان کو قیام کے لیے استعمال کیا تھا، وہاں چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ تفتیش کے لیے اہم شواہد بھی جمع کیے گئے۔
تفتیشی ٹیم نے خودکش حملہ آور کے زیر استعمال گاڑی سے متعلق ڈیٹا اور دیگر اہم معلومات بھی حاصل کرلی ہیں، جن کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم کارروائی سے قبل ہی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔