واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث سابق امریکی فوجی میجر ندال ملک حسن کو 3 دسمبر کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت کی کارروائی براہِ راست نشر کی جائے گی۔ندال ملک حسن نے 2009 میں امریکی ریاست ٹیکساس کے فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کی تھی
، جس کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے تھے۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا تھا جب حسن کو چند ہفتوں بعد افغانستان میں تعینات کیا جانا تھا۔ گرفتاری کے دوران پولیس کی فائرنگ سے وہ جزوی طور پر مفلوج ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں وہیل چیئر کا سہارا لینا پڑا۔
اگست 2013 میں فوجی عدالت نے ندال ملک حسن کو قتل اور اقدامِ قتل کے مجموعی طور پر 45 الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز سابق میجر کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا کہ پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ 3 دسمبر کو ندال ملک حسن کو سزائے موت دینے کے عمل کو براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ حسن کو 2009 میں فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں 13 افراد کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔