وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ اداروں میں 2 ہزار 820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے بھر میں شجرکاری کے فروغ، پارکوں کی بحالی اور شہروں کو سرسبز و شاداب بنانے سے متعلق مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ 
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے سے کام کررہی ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کی جاچکی ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کا عمل جنوری 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں پنجاب کی تمام تحصیلوں میں بھی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ تحصیلوں، شہروں اور دیہات میں مرحلہ وار درخت لگانے اور پھولدار پودوں کی افزائش کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر خالی جگہ کو سرسبز بنانے کے لیے درخت اور پھولدار پودے لگائے جائیں، کیونکہ وہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں کو ہرا بھرا اور خوشنما دیکھنا چاہتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے موسم کی مناسبت سے پھولدار پودے لگانے کے لیے ماہانہ منصوبہ بندی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام اپنی نرسری قائم کی جائے گی، جہاں شجرکاری اور موسمی پھولوں کے لیے پودے تیار کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت ان نرسریوں میں تیار ہونے والے پودے شہریوں کو کم قیمت پر فراہم کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو شجرکاری میں حصہ لینے کی ترغیب دی جاسکے اور صوبے میں سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔