اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے صرف متاثرہ ملک تک محدود نہیں، بلکہ عالمی سطح پر قائدانہ کردار بھی ادا کرسکتا ہے۔قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے زور دیا کہ قومی اور بین الاقوامی ادارے آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور مؤثر منصوبہ بندی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ دن خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ قدرتی آفات کے تلخ تجربات نے یہ سبق دیا ہے کہ نقصان ہونے کے بعد اقدامات کرنا کافی نہیں، بلکہ ممکنہ خطرات سے پہلے تیاری کرنا اور جامع حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے قومی نظام برائے آفات سے نمٹنے نے خطرات کی بروقت نشاندہی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ تاہم، قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے مقامی آبادیوں اور بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔
، کیونکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں یہی ادارے اور لوگ سب سے پہلے متاثرین کی مدد کے لیے سامنے آتے ہیں۔انہوں نے علاقائی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو مشترکہ قدرتی اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کو فروغ دینا چاہیے۔صدر زرداری کے مطابق قبل از وقت انتباہ کے نظام کو مؤثر بنانے اور متعلقہ معلومات سرحد پار فوری طور پر پہنچانے کے اقدامات ضروری ہیں، تاکہ قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔