اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کر لیا ہے۔نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے، جس پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی۔
سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے لیے فی یونٹ اوسط فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا، تاہم یہ بڑھ کر 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔درخواست کے مطابق ستمبر میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 7 ارب 95 کروڑ روپے جبکہ درآمدی کوئلے سے بجلی بنانے پر 37 ارب 14 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
اسی طرح بجلی کی پیداوار کے لیے ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔سی پی پی اے نے مزید بتایا کہ مقامی گیس سے بجلی پیدا کرنے پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے لاگت آئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر مجموعی فیول لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے رہی، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے اس عرصے میں 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔