اسلام آباد: ملک میں گزشتہ پانچ سال کے دوران تقریباً 11 ہزار ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہیں۔رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز کے سوال پر وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ مالی سال 2020-21 سے 2024-25 تک مختلف شعبوں کو مجموعی طور پر اربوں روپے کی ٹیکس رعایتیں فراہم کی گئیں۔وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2020-21 میں ایک ہزار 482 ارب 31 کروڑ روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔
جبکہ مالی سال 2021-22 میں یہ رقم بڑھ کر 2 ہزار 239 ارب روپے ہوگئی۔دستاویزات کے مطابق مالی سال 2022-23 میں 2 ہزار 540 ارب روپے، مالی سال 2023-24 میں 2 ہزار 434 ارب روپے اور مالی سال 2024-25 میں 2 ہزار 352 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ فراہم کی گئی۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سعد وسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹیکسوں میں یہ رعایتیں ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے دی گئی ہیں۔