یورپ کے مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں پر بم کی دھمکیوں کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یورپ میں بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد 7 مسافر طیاروں کی تلاشی لی گئی۔ ان میں پولینڈ، اسپین اور بلغاریہ میں موجود مسافر طیارے بھی شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم کے ایئرپورٹ پر دو پروازوں کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، تاہم کسی بھی طیارے سے دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ ان میں سے ایک پرواز ڈبلن جبکہ دوسری لزبن سے روم پہنچی تھی۔
ادھر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے ایک ہوائی اڈے کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ وقت کے لیے بند کرنا پڑا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈبلن سے روم آنے والے طیارے کو اطالوی فضائیہ نے لینڈنگ تک حفاظتی حصار میں رکھا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے یورپ میں موصول ہونے والی بم کی دھمکیوں کو جعلی قرار دیا ہے۔ ان واقعات کے باعث مختلف ایئرپورٹس پر سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی، جبکہ فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔