اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے ایل این جی کی محدود دستیابی اور سردیوں میں گیس کی طلب میں اضافے کے باعث اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی مخصوص اوقات تک محدود کردی ہے۔

ایس این جی پی ایل کے فیصلے کے مطابق بدھ سے گھریلو صارفین کو روزانہ صرف تین مقررہ اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی، تاکہ دستیاب ذخائر کو بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکے۔

نئے شیڈول کے تحت صارفین کو صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بج کر 30 منٹ تک جبکہ شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔

حکومت نے محدود گیس ذخائر کے پیش نظر گھریلو صارفین کو دیگر شعبوں پر ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ کھانا پکانے اور گھریلو ضروریات کے لیے گیس کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

دوسری جانب ایس این جی پی ایل نے سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کا یومیہ کوٹہ بھی 50 ملین مکعب فٹ سے کم کرکے 35 ملین مکعب فٹ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔