امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ تہران معاہدہ کرنے کا خواہاں تو ہے، تاہم وہ واشنگٹن کی شرائط ماننے سے انکار کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر ناگزیر ہوا تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی دکھاوے کے معاہدے کے بجائے ایک حقیقی اور ٹھوس ڈیل کے خواہشمند ہیں جو امریکی مفادات کے مطابق ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کے ساتھ جوہری تصادم میں کسی کی جیت نہیں ہوگی، اس لیے ایسی جنگ کی نوبت ہی نہیں آنی چاہیے۔
عالمی توانائی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ امریکا، روس اور چین خام تیل کی پیداوار میں اضافے پر متفق ہو چکے ہیں، تاہم ایندھن کے نرخوں کا دارومدار ایران کے ساتھ معاملات طے پانے پر ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
مزید برآں، ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی اور چینی صدور سے ہونے والے رابطوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ماسکو اور کیف کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے امکانات روشن ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔