یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی افواج کے ایک تازہ حملے کے نتیجے میں 11 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان ایک دوسرے کے علاقوں پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اسی دوران گزشتہ شب روس نے کیف کے علاقے دیمیر (DYMER) کو نشانہ بنایا جس میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔

مقامی حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے روسی ڈرون حملے کے باعث ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا تھا، جس کے ملبے سے زخمیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔

ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات یوکرین کے شہر ازمیل میں توانائی کی تنصیبات اور بندرگاہ کے انفرااسٹرکچر پر کامیاب حملے کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف، یوکرین کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے روس کے صوبے پرم (Perm) پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں ایک صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔