کراچی: ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک ائیرلائن کی جانب سے لیز پر دیے گئے طیاروں کی فراہمی معطل ہونے کے سبب قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کا سلسلہ متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نورس اٹلانٹک کے طیاروں کے ذریعے یورپی روٹس پر چلائی جانے والی پروازیں مرحلہ وار بند کی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پی آئی اے کے یورپی اور برطانوی فلائٹ شیڈول میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر 23 نومبر کو بوئنگ 777 کے پائلٹس اور کیبن کریو کو ایک داخلی مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کا نظرثانی شدہ شیڈول ترتیب پاتے ہی سامنے لایا جائے گا، جبکہ آپریشنل تبدیلیوں کے باعث فضائی عملے کی پیشگی منظور شدہ تعطیلات میں ردوبدل یا انہیں منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ پیر کو اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہونے والی پرواز کے لیے نورس اٹلانٹک کا لیز شدہ طیارہ میسر نہ آ سکا، جس پر قومی ائیرلائن نے متبادل اور ہنگامی انتظامات کرتے ہوئے یہ پرواز اپنے ہی بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے روانہ کی۔