افغانستان میں طالبان حکومت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صوبہ خوست میں ایک اجتماعی قبر سے ملنے والے سروں کو واپس قبروں میں پہنچا دیا گیا ہے۔اس سے قبل طالبان حکومت کے زیر کنٹرول نیشنل ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ یہ قبر خوست کی شیخ زاہد یونیورسٹی کے قریب سے ملی ہے جہاں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ایک ڈیم کھودا جا رہا تھا۔خوست کے مقامی اہلکار کے مطابق اس قبر سے خواتین سمیت 100 کے قریب لاشوں کے سر ملے ہیں۔طالبان حکومت کے مقامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ان لاشوں کو اس اجتماعی قبر میں افغانستان کی سابقہ حکومتوں کے دوران دفنایا گیا تھا جنہیں سوویت یونین کی حمایت حاصل تھی۔باختر اسٹیٹ نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں، خوست کے میئر قاری بسم اللہ بلال نے کہا: “یہ شہری تقریباً 40 سال قبل شہید ہوئے تھے، جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔”بختار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان سروں کو ہفتے کے روز تدفین کے بعد واپس قبروں میں پہنچا دیا گیا۔آزاد ذرائع نے ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ برسوں میں بھی اجتماعی قبریں ملنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ستمبر 2022 میں طالبان کی جانب سے صوبہ قندھار کے اسپن بولدک اور دامان اضلاع میں اجتماعی قبروں کی دریافت کے اعلان کے بعد، اقوام متحدہ کے حکام نے اس حوالے سے تحقیقات پر اصرار کیا۔اس وقت ہیومن رائٹس واچ کی ایشیائی شاخ کی نائب سربراہ پیٹریشیا گسمین نے اس بارے میں ایک ایکس پیغام میں لکھا تھا کہ ایسی اجتماعی قبروں کی حفاظت ضروری ہے اور مناسب تفتیش کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی تفتیش کاروں کو طلب کیا جائے۔افغانستان کی پچھلی حکومتوں نے بھی افغانستان کے مختلف علاقوں بشمول کابل، سرپل، قندھار، ہرات اور بعض دیگر علاقوں میں ایسی ہی قبروں کی دریافت کو نوٹ کیا تھا۔ طالبان کے سرکاری حکام کے مطابق انہوں نے حال ہی میں دریافت ہونے والی قبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک کمیٹی کو تفویض کیا ہے۔