بغیرمنصوبہ بندی نرسنگ کالجزمیں سیکنڈشفٹ شروع،طالبات ہوسٹل نہ ملنے سے پریشان

ملتان (رانا امجد علی امجد) ترقیاتی منصوبوں اور دیگر عوامی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے حوالے سے سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے نام سے موسوم شہباز سپیڈ کی نقالی کرنے کے شوقین نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن علی نقوی نے صوبہ بھر کے سرکاری نرسنگ کالجز میں نرسز کی سیکنڈ ٹائم شفٹ کا جلد بازی میں آغاز کر دیا ۔ نرسنگ میں داخلہ حاصل کرنے والی بچیاں ہوسٹل کی سہولت سے محروم ۔ پنجاب حکومت کا پرائیویٹ ہاسٹل کرایہ پر لینے کا فیصلہ ، سیکنڈ ٹائم شفٹ والے نرسنگ کالجز کی سربراہان کو نجی ہوسٹل کرائے پر حاصل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ تفصیل کے مطابق پنجاب میں نرسنگ کالجز میں نرسز کی سیکنڈ ٹائم شفٹ کا آغاز کر دیا گیا مگر سیکنڈ ٹائم شفٹ میں داخل ہونے والی سینکڑوں طالبات کو ہوسٹل کی سہولیات نہ ملنے پر شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دور دراز کے علاقوں سے کلاسز کے لیے کالجز تک پہنچنا مشکل ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت نے صوبہ بھر میں نرسز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پنجاب بھر میں قائم نرسنگ کالجز میں سیکنڈ ٹائم شفٹ شروع کی جس کی کلاسز کا آغاز جنوری سے کر دیا گیا ہے ۔ تاہم کلاسز کا آغاز انتہائی عجلت میں کر دیا گیا لیکن حیرت انگیز طور پر زیر تعلیم نرسوں کی رہائش کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے نرسز اور ان کے والدین شدید ذہنی اور نفسیاتی دباؤ کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر مناسب ہوسٹل فراہم نہ کرنے کی وجہ سےپریشانی کا شکار ہیں ۔ والدین کا کہنا ہے کہ نرسنگ کالجز میں رہائش اور ہوسٹل کی سہولت کی عدم موجودگی کے باعث وہ بچیوں کی ہمہ قسمی حفاظت کے حوالے سے پریشان ہیں ۔ یہ بیوروکریسی کی مبینہ مس مینجمنٹ کی انتہائی نچلی سطح کی بات ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اچھے اقدام کو خراب بنایا جا رہا ہے۔ حالانکہ تمام انتظامات پہلے سے مکمل کئے جانے چاہئیں تھے۔ اس کے بعد کلاسز کا آغاز کیا جانا چاہیے تھا۔ دوسری طرف ترجمان نرسنگ فاؤنڈیشن پنجاب نے بتایا کہ نرسنگ کالجز کی سربراہان کو فوری طور پر نجی ہاسٹل کرایہ پر لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ زیر تعلیم نرسز کی رہائش کا مسئلہ حل کیا جا سکے ۔ ان ہاسٹلز کا کرایہ پنجاب حکومت دے گی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں