“جامعہ زکریا: ڈاکٹر میاں طاہر اشرف کے خلاف انکوائری اور کارروائی”
.ملتان ( خصوصی رپورٹر) بیٹھک کی نشاندہی پر وائس چانسلر جامعہ زکریا نے حراسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ پر چیئرمین شعبہ انٹرنیشنل ریلشنز میاں طاہر اشرف کو اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چیئر مین کے عہدے سے ہٹا دیاہے ۔
اس ضمن میں گزشتہ روز رجسٹرار آفس سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبری Acad.8/IR/25/1866 کے مطابق جامعہ زکریا کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر/چیئرمین ڈاکٹر میاں طاہر اشرف کو سنگین بدانتظامی، انتظامی اور تعلیمی معاملات میں اختیارات کے غلط استعمال کی شکایات موصول ہونے پروائس چانسلر نے ایکشن لیتے ہوئے کیس ہراسمنٹ کمیٹی کو بھجوایا تھا۔
جس پر کمیٹی نے تحقیقات کے بعد اپنی عبوری رپورٹ میں ہراسمنٹ کے الزامات ثابت ہونے پر کارروائی کو حتمی شکل دینے تک انہیں بطور چیئرمین شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے فرائض انجام دینے سے روکنے کی سفارش کی ہے ۔
نوٹیفکیشن میں واضع کیا گیا ہے کہ چونکہ تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کی تقرری کا معاملہ وائس چانسلر کی سفارش پر سنڈیکیٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے لیکن مستقبل قریب میں سنڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہونے کا امکان نہیں ہے اور اس کے ساتھ ہی زیربحث فوری معاملہ میں ڈاکٹر میاں طاہر اشرف کو بطور چیئرمین کسی بھی عہدے پر کام کرنے سے روکنا/ناکارہ کرنا ضروری ہے۔
لہذا وائس چانسلر نے ڈاکٹر میاں طاہر اشرف کو ان کے خلاف شکایات کی سنگینی اور مفادات کے تصادم کو مدنظر رکھتے ہوئے، سیکشن 16 اور سیکشن 16(3) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے، ڈاکٹر میاں طاہر اشرف کو چیئرمین، شعبہ بین الاقوامی تعلقات، کے طور پر کام کرنے سے فوری طور پر، اگلے احکامات تک روک دیا ہے ۔
واضع رہے کہ روزنامہ بیٹھک کی جانب سے چیئر مین شعبہ انٹرنیشنل ریلشنز کی جانب سے پی ایچ ڈی کی طالبہ کا داخلہ روکنے کیلئے انٹری ٹیسٹ نمبروں میں ٹمپرنگ جبکہ دوسرے کیس میں دوران انٹرویو خاتون امیدوار کی اجازت کے بغیر اس کی خفیہ طور پر موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی خبریں شائع کی گئیں تھیں جس پر نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر زبیر اقبال غوری نے معاملہ انکوائری کیلئے متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا تھا ۔
یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں